ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہبلی : مشہور شاعر مظہر محی الدین صاحب انتقال کر گئے

ہبلی : مشہور شاعر مظہر محی الدین صاحب انتقال کر گئے

Sat, 13 Mar 2021 00:55:48    S.O. News Service

بھٹکل 12/ مارچ (ایس او نیوز) ادارہ ادب اسلامی کے نمائندہ اور ملک گیر شہرت کے حامل معروف شاعر جناب مظہر محی الدین (ہبلی) آج بروز جمعہ عصر کے وقت انتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون۔ آپ کی عمر 88 سال تھی اور پچھلے کچھ دنوں سے آپ بستر علالت پر تھے۔

اپنی تعمیری فکر اور منفرد لب و لہجہ کے علاوہ کلام پیش کرنے کے خاص انداز کی وجہ سے وہ مشاعروں اور شعری مجالس کی آبرو سمجھے جاتے تھے۔ ریاست کرناٹکا میں ادب اسلامی کے فروغ کے لئے آپ کی کوششیں بھلائی نہیں جا سکتیں۔ آپ نے ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ کرناٹکا و گوا کے صدر کی حیثیت سے بھی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ریاست کی مختلف ادبی انجمنوں کی طرف سے آپ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ پیشہ تدریس سے وظیفہ یاب ہونے کے بعد آپ تحریک اسلامی اور ادب اسلامی ہند کی سرگرمیوں میں پوری طرح متحرک ہوگئے تھے۔ بقول ان کے :
    اس کا فرمان جب دل میں گھر کر گیا
    سوچ کو فکر کو بال و پر کر گیا

مرحوم مظہر صاحب برے ملنسار، خلیق اور دوست نواز انسان تھے۔ ان کے شعری مجموعے جاگتی دہلیز(1984،اعتبار (2003)، لفظ لفظ روشنی(2011 )، بشارت(2017) پر منظر عام پر آ چکے ہیں، جبکہ ایک اور مجموعہ 'بصارت' ابھی زیر ترتیب تھا۔ آپ نے کئی نوجوان شعراء کی نہ صرف فنی تربیت کی ہے بلکہ انہیں فکری طور پر ادب اسلامی سے وابستہ کرنے کی بھی پرخلوص کوشش کی ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی دینی اور ادبی خدمات کو شرف بخشے، لواحقین کو صبر جمیل اور کاروانِ ادب اسلامی کو نعم البدل عطا فرمائے۔

ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سنیچر صبح دس بجے ہبلی کے بڑے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔


Share: